اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ امریکہ سمجھتا تھا کہ ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ اور پابندیاں عائد کر کے ایرانی قوم کو جھکنے پر مجبور کر دے گا مگر اس کا یہ مقصد پورا نہ ہو سکا بلکہ اس وقت امریکہ کی پوزیشن اور ساکھ و وقار نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بلکہ عالمی سطح پر اور خود امریکیوں کی نظر میں بھی بہت گر گیا ہے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دشمنوں نے جھوٹی خبروں کے چینل شروع کرکے ایرانی قوم کے خلاف حتی المقدور زہریلا اور منفی پروپیگنڈہ کیا اور ان چینلوں سے مختلف بہانوں سے ایرانی قوم کے مفادات کو نشانہ بنانے کے ساتھ کسی نہ کسی طریقے سے ایرانی عوام میں تشویش و بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی اور مختلف منڈیوں میں بحران بھی کھڑا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی تاہم ایرانی قوم کی ذہانت و ہوشیاری اور ایرانی قوم کی جانب سے دیئے جانے والے منھ توڑ جواب سے یہ ساری سازشیں شکست سے دوچار ہو گئیں اور مسلسل ناکامی سے دوچار ہو رہی ہیں۔
صدر مملکت نے اسی طرح دشمن کے اقتصادی دباؤ اور ظالمانہ پابندیوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اور تمام حکومتی ارکان اور انتظامیہ نے موجودہ سخت ترین حالات میں اپنی پوری توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس جیسی موذی وبا کے دور میں بھی ملک کی اقتصادی ترقی جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا اور سعی و کوشش جاری رکھی ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران ملک کی معیشت تیزی سے آگے بڑھی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲